سوپور میں مسلح تصادم، تین جنگجو ہلاک

سوپور میں مسلح تصادم، تین جنگجو ہلاک

ری نگر، 24 اگست:شمالی ضلع بارہمولہ کے سوپور میں ایک مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ سوپور میں تین جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے سوپور میں منگل کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے’۔
اس دوران کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر آئی جی پی وجے کمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور کشمیری عوام کی مشترکہ کوششوں سے وادی کشمیر میں رواں سال اب تک 100 سے زیادہ جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سوپور میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے منگل کی صبح مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں تین جنگجوئوں کو مارا جا چکا تھا جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.