کولگام تصادم: لشکر طیبہ کا پاکستانی جنگجو ہلاک، آپریشن ختم

کولگام تصادم: لشکر طیبہ کا پاکستانی جنگجو ہلاک، آپریشن ختم

سری نگر، 13 اگست (یو این آئی) کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ جنوبی ضلع کولگام کے میر پورہ میں جمعرات کی سہہ پہر کو چھڑنے والے مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک پاکستانی جنگجو کو مارا گیا ہے۔

موصوف آئی جی پی نے جمعے کی صبح اس تصادم کے بارے میں نامہ نگاروں کو تفصیلات فرہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کولگام کے میر پورہ میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کی نفری الرٹ تھی جب بی ایس ایف کی ایک کانوائے آر ہی تھی تو ایک بڑی بلڈنگ سے اس پر جنگجوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بلڈنگ کو گھیر لیا اور طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔موصوف آئی جی پی نے کہا کہ ہم نے راکٹ لانچر کا استعمال کیا اور ایک جنگجو کو رات میں ہی مار گرایا۔

انہوں نے کہا: ‘چونکہ رات کو سرچ آپریشن جاری رکھنا مشکل تھا اس لئے ہم نے آج صبح جب سرچ آپریشن شروع کیا تو ایک پاکستانی جنگجو کی لاش برآمد کی اور وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ اسلحہ و گولہ باردو میں ایک اے کے 47 رائفل، چار میگزین، کچھ گرینیڈ اور آر پی جی لانچر اور اس کی ایک سیل بھی شامل ہے۔

مسٹر کمار نے مہلوک جنگجو کی شناخت لشکر طیبہ سے وابستہ عثمان کے بطور کی۔انہوں نے کہا کہ بھاری مقدار میں برآمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود سے معلوم ہوتا ہے کہ مہلوک جنگجو قومی شاہراہ پر ایک بڑے حادثے کو انجام دینے کا منصوبہ رکھتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک ہفتے سے اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ جنگجو قومی شاہراہ پر ایک بڑے حادثے کو انجام دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

اس دوران آئی جی پی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آپریشن ختم ہوا ہے اور قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے کھولا جا رہا ہے۔
قبل ازیں ان کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘سکیورٹی فورسز کے محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔

کولگام پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میر پورہ، جہاں مسلح تصادم ہو رہا ہے، سے 22 عام شہریوں بشمول 12 دکانداروں، 6 خواتین اور 4 غیر مقامی مزدوروں کو بحفاظت نکال کر محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے۔

یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.