بانڈی پورہ میں مسلح تصادم، ایک جنگجو جاں بحق

بانڈی پورہ میں مسلح تصادم، ایک جنگجو جاں بحق

سری نگر، 3 اگست (یو این آئی) شمالی ضلع بانڈی پورہ کے چھن دجی جنگلی علاقے میں ایک مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک جنگجو کو ہلاک کیا ہے۔

جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کے چھن دجی میں منگل کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘مہلوک جنگجو کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے’۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کے چھن دجی جنگلی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے منگل کی علی الصبح مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں ایک جنگجو کو مارا جا چکا تھا جس کی لاش برآمد کی گئی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.