کشمیر: سردیوں کی شدت میں قدرے کمی واقع، آبی ذخائر جزوی طور منجمد

کشمیر: سردیوں کی شدت میں قدرے کمی واقع، آبی ذخائر جزوی طور منجمد

سری نگر/ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے سردیوں کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے درج ہونے سے آبی ذخائر کا جزوی طور منجمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگرسی سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

دریں اثنا وادی کشمیر میں منگل کے روز بھی موسم خشک مگر ابر آلود رہا اور شبانہ سردیوں میں تھوڑی بہت کمی واقع ہونے سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔

تاہم شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کی وجہ سے آبی ذخائر کا جزوی طور منجمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو بھی صبح کے وقت متعدد آبی ذخائر جزوی طور منجمد تھے اور نلوں میں بھی پانی جم گیا تھا۔

وادی میں جاری سردیوں کی شدت سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے خاص طور پر شہر و گام میں لوگ پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ رواں سیزن کے چلہ کلان نے ماضی کی یادوں کو تازہ کیا اور اپنے طاقت کا بھر پورہ مظاہرہ کرکے لوگوں کے لئے مشکلات کے پہاڑ کھڑا کئے جو چلہ کلان کے ختم ہونے کے بعد بھی برابر اپنی جگہ پر قائم ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 3 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے تاہم بعد ازاں موسم ایک بار پھر بہتر ہونے کی توقع ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان ہفتے کے روز اختتام پذیر ہوا اور اتوار سے بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا اگرچہ اس چلہ کے دوران سردیوں کا زور بتدریج تھمنے لگتا ہے لیکن اس نے جس طرح اپنی آمد کا اعلان کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ یہ بھی اپنا زور دکھانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.