ایشین میل نیوز ڈیسک
سرینگر/ جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں لوک سبھا انتخابات سے قبل گذشتہ رات کے دوران فورسز کے ہاتھوں مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مزید درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فورسز نے شبانہ چھاپوں کے دوران صرف پلوامہ کے ٹہاب اور چیوہ کلان علاقوں میں38افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائیں جبکہ شوپیان کے وہل اور نار وائو میں کم سے کم چھ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔
پولیس ذرائع نے تاہم ان گرفتاریوں کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل گذشتہ کچھ روز سے شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مذکورہ اضلاع میں لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں6مئی کو ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔یہ انتخابی عمل پارلیمانی نشست اننت ناگ کےلئے ہورہا ہے ۔اس نشست کےلئے تین مراحل میں ووٹنگ مقرر کی گئی ۔پارلیمانی نشست چار اضلاع اننت ناگ ،کولگام ،پلوامہ اور شوپیان پر محیط ہے ۔
اننت ناگ ،کولگام اضلاع میں گذشتہ دو مراحل کے دوران ووٹ ڈالے گئے جن کی شرح کافی کم رہی ۔