ڈوڈہ، رام بن، 13 اکتوبر: جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور رام بن اضلاع میں پیش آنے والے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ڈوڈہ میں ایک گاڑی الٹ جانے سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوئے، جبکہ رام بن میں ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی موت ہو گئی اور کنڈکٹر زخمی ہو گیا۔
ڈوڈہ میں گاڑی الٹنے سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی

ڈوڈہ ضلع کے بھالا علاقے میں شینائی کے قریب منگل کے روز ایک گاڑی الٹ جانے سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ بھالا ڈوڈہ میں گاڑی الٹنے کے نتیجے میں اس میں سوار چاروں افراد زخمی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
زخمیوں کی شناخت 35 سالہ عاشق حسین ولد غلام رسول ساکن گوٹھا بھدرواہ، 48 سالہ محمد جاوید ولد طالب حسین، ان کی 46 سالہ اہلیہ روبینہ بیگم ساکنان براسو بھالا اور 35 سالہ انشا زوجہ رشید احمد ساکن بھدرواہ کے طور پر ہوئی ہے۔
دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفصیلات کی تصدیق شروع کر دی ہے۔
رام بن میں ٹرک کھائی میں گرنے سے ڈرائیور جاں بحق، کنڈکٹر زخمی
سرینگر۔جموں قومی شاہراہ پر ناچلانہ کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ کنڈکٹر زخمی ہو گیا۔ حکام نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے وقت ٹرک میں دونوں افراد سوار تھے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹرک، جس کا رجسٹریشن نمبر RJ19GF/2267 ہے، سرینگر سے گجرات کی جانب جا رہا تھا کہ بانہال کے قریب تقریباً 70 سے 80 فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔
انہوں نے کہا کہ حادثے میں ٹرک میں سوار دونوں افراد زخمی ہو گئے، جنہیں سب ڈسٹرکٹ اسپتال (ایس ڈی ایچ) بانہال منتقل کیا گیا، جہاں ڈرائیور کو مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ کنڈکٹر کا علاج جاری ہے۔
جاں بحق ڈرائیور کی شناخت صادق خان، ساکن بارمر راجستھان، جبکہ زخمی کنڈکٹر کی شناخت سکندر، ساکن بارمر راجستھان کے طور پر ہوئی ہے۔دریں اثنا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔





