اننت ناگ: اننت ناگ کے قاضی محلہ میں 6 اور 7 اکتوبر کی درمیانی شب لگنے والی زبردست آگ کے نتیجے میں چھ ڈھانچے خاکستر ہوئے، جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
رات کے دوران علاقے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی شروع کی۔ اہلکاروں نے مقامی لوگوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں کیں اور آگ پر قابو پالیا، جس کے باعث اسے مزید علاقے میں پھیلنے سے روک دیا گیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار خالد بشیر آگ بجھانے کے دوران زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔
واقعے میں رہائشی مکانات سمیت مجموعی طور پر چھ ڈھانچے متاثر ہوئے۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ [کے این ٹی]





