پنچکولہ، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شمال مغربی ہندوستان میں جنوب مغربی مانسون کے سرگرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں 19 جولائی تک رک رک کر بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ نے اس خطے کے کئی حصوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور بجلی گرنے کی بھی وارننگ دی ہے، جبکہ ہفتے کے آخری دنوں میں ہمالیائی ریاستوں میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
منگل کے روز جاری کردہ بلیٹن کے مطابق، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور پنجاب میں 14 سے 19 جولائی کے درمیان مختلف مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ پیش گوئی کے مطابق، پہاڑی علاقوں میں بارش کا زور زیادہ رہے گا۔
ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفر آباد میں 14 سے 17 جولائی کے درمیان کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ 18 اور 19 جولائی کو یہ مزید علاقوں میں پھیل جائے گی۔ اتراکھنڈ میں بھی 14 سے 19 جولائی کے درمیان وسیع پیمانے پر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 15 سے 19 جولائی کے درمیان ریاست کے مختلف حصوں میں بھاری بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 18 اور 19 جولائی کو ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان، مظفر آباد اور مغربی اتر پردیش میں کہیں کہیں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ مشرقی اتر پردیش میں 17 سے 19 جولائی کے دوران بعض مقامات پر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ نے 14 سے 19 جولائی کے درمیان جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفر آباد میں کہیں کہیں بجلی چمکنے اور 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ (تیز ہوا کے جھونکے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک) کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے ساتھ آندھی اور طوفان کی وارننگ دی ہے۔ اتراکھنڈ میں بھی 14 سے 19 جولائی کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک اور بجلی گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بارش کے علاوہ، محکمہ موسمیات نے آج شمال مغربی ہندوستان میں 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان جتایا ہے، جس سے کچھ کھلے علاقوں میں حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں اور آندھی، طوفان اور بھاری بارش کے دوران احتیاط برتیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جو زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔





