ہفتہ, جولائی 18, 2026
23.8 C
Srinagar

کشمیر میں دو اموات: شوپیان میں سی آر پی ایف اہلکار اور سری نگر میں امریکی شہری کی موت

سری نگر، 6 مئی: کشمیر میں دو الگ الگ واقعات میں اچانک اموات پیش آئیں، جہاں شوپیان میں سی آر پی ایف کے ایک ہیڈ کانسٹیبل اور سری نگر میں ایک معمر امریکی شہری بے ہوش ہو کر گر پڑے اور بعد ازاں اسپتالوں میں مردہ قرار دیے گئے۔ دونوں معاملات میں حکام نے طبی و قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ اموات کی اصل وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں۔

شوپیان میں سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل کی موت

حکام کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا ایک اہلکار بے ہوش ہونے کے بعد جاں بحق ہو گیا۔

متوفی کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سریندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جو 178 بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ تھا اور حیدرآباد کے علاقے شالی بندہ کا رہائشی تھا۔

حکام نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار ضلع شوپیان کے زینہ پورہ علاقے میں واقع پولیس پوسٹ وچی پر تعینات تھا۔رپورٹس کے مطابق وہ ڈیوٹی کے دوران اچانک بے ہوش ہو گیا، جس کے بعد اسے فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) زینہ پورہ منتقل کیا گیا۔تاہم اسپتال میں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور طبی و قانونی  کارروائیاں جاری ہیں جبکہ موت کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

سری نگر میں امریکی شہری کی موت

حکام کے مطابق سری نگر میں 83 سالہ امریکی شہری بے ہوش حالت میں پایا گیا اور بعد ازاں ایک نجی اسپتال میں اسے مردہ قرار دیا گیا۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت اینڈرسن جان ڈیوڈ ولد جان ڈیوڈ کے طور پر ہوئی ہے جو واشنگٹن ڈی سی، امریکہ کا رہائشی تھا۔

اطلاعات کے مطابق غیر ملکی سیاح صبح کے وقت ڈل جھیل کے گھاٹ نمبر 13 پر واقع ایک ہاؤس بوٹ میں قیام کے دوران بے ہوش ہو گیا۔

اسے علاج کے لیے پارس اسپتال سونہ وار منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔بعد ازاں پولیس پوسٹ نہرو پارک کی ایک ٹیم نے لاش کو مکمل سی ٹی اسکین اور دیگرطبی و قانونی  کارروائیوں کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کیا۔

پولیس نے اس واقعہ کا بھی نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ موت کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔

طبی و قانونی  کارروائیاں مکمل ہونے اور متعلقہ حکام سے رابطہ کاری کے بعد لاش ورثا کے حوالے کیے جانے کی توقع ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img