منشیات کے خلاف جاری سخت مہم کے تحت پولیس نے اننت ناگ اور ہندوارہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران 8 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں نشہ آور مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اننت ناگ کے مٹن علاقے میں معمول کی گشت کے دوران ساندوز روڈ نزدیک سیر ہمدان، کرکٹ اسٹیڈیم کے نزدیک ایک مشکوک شخص کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 530 گرام چرس پاؤڈر نما مادہ اور 3.345 کلو گرام پسا ہوا پوست برآمد ہوا۔ گرفتار شخص کی شناخت اشفاق احمد میر ولد غلام محمد میر، ساکن سیر ہمدان کے طور پر ہوئی ہے۔
اسی طرح پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ نے این ایچ ڈبلیو-44، لینڈنگ اسٹریپ کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا، جن کی شناخت طالب گل شاہ ولد گل محمد شاہ، ساکن قیموہ کھڈونی اور عاقب احمد ملک ولد گل محمد ملک، ساکن ریلوے کالونی سدوارہ کے طور پر ہوئی۔ ان کے قبضے سے 8.18 گرام براؤن شوگر نما مادہ برآمد ہوا۔
مزید کارروائی میں بجبہاڑہ پولیس نے حسن پورہ ریلوے کراسنگ کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران شفقت احمد صوفی ولد محمد یوسف صوفی، ساکن قیموہ کھڈونی کو گرفتار کیا، جس سے 5.58 گرام براؤن شوگر نما مادہ برآمد ہوا۔
اسی علاقے میں ٹولکن روڈ پر ناکہ چیکنگ کے دوران جعفر مشتاق ڈار ولد مشتاق احمد ڈار، ساکن ٹولکن کو بھی گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 49 گرام چرس (سٹے) مکئی کے فلیکس میں چھپا کر برآمد کی گئی۔
ادھر دیلگام پولیس پوسٹ نے لالن بائی پاس پر ناکہ کے دوران ایک مشکوک خاتون کو گرفتار کیا، جو موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ہیروئن نما نشہ آور مواد برآمد ہوا۔
ہندوارہ میں بھی پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ ان کی شناخت غلام محمد لون ولد حبیب اللہ لون، ساکن ریڈی چوکی بل اور ارشاد احمد پنڈت عرف اری پنڈت ولد عبدالرشید پنڈت، ساکن براری پورہ ہندوارہ کے طور پر ہوئی۔ ان کے قبضے سے چرس اور گانجہ نما مواد برآمد کیا گیا۔
پولیس نے تمام مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے ایک بار پھر عزم ظاہر کیا ہے کہ منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے میں پولیس کا ساتھ دیں۔





