منگل, ستمبر 1, 2026
24.5 C
Srinagar

جنوبی کشمیر میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیاں، اننت ناگ،شوپیان میں کروڑوں مالیت کی غیر قانونی املاک منہدم

جنوبی کشمیر میں جموں و کشمیر پولیس نے منشیات فروشوں اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے اننت ناگ اور شوپیان اضلاع میں سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور اثاثوں کو منہدم کر دیا۔ یہ کارروائیاں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے قانونی تقاضوں کے مطابق انجام دی گئیں، جس کا مقصد منشیات کے ناسور کا خاتمہ اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب ہے۔

جنوبی کشمیر کے اضلاع اننت ناگ اور شوپیان میں جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت بڑی کارروائیاں انجام دیتے ہوئے سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا۔

اننت ناگ میں پولیس نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک بڑے آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی ان جائیدادوں کو مسمار کیا جو منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد نے غیر قانونی طور پر سرکاری زمین پر تعمیر کر رکھی تھیں۔ یہ کارروائی خاصرا نمبر 319 (منٹ) سنگم اسٹیٹ، نیشنل ہائی وے 44 کے قریب انجام دی گئی، جہاں سڑک کنارے قائم متعدد ڈھابے اور ریسٹورنٹس کو گرایا گیا۔

ان میں "کشمیر ریسٹورنٹ (ڈھابہ)”، "تاج ریسٹورنٹ (ڈھابہ)” اور "میر ریسٹورنٹ” شامل تھے، جن کے مالکان منشیات سے متعلق مقدمات میں ملوث پائے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ تمام تعمیرات بغیر اجازت سرکاری زمین پر قائم کی گئی تھیں۔

ادھر شوپیان میں بھی "نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” کے تحت پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے کارروائیوں میں شدت لاتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ ایک کارروائی میں ملہورا کے رہائشی ایک ملزم کی جانب سے سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر لگائے گئے پاپلر درخت کاٹ دیے گئے۔

دوسری کارروائی میں واچی کے ایک شخص کی جانب سے سرکاری زمین پر تعمیر کی گئی چار دکانوں کو منہدم کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ تمام اثاثے بغیر اجازت قائم کیے گئے تھے اور ان کا تعلق منشیات سے متعلق مقدمات میں ملوث افراد سے تھا۔

دونوں اضلاع میں کی گئی کارروائیاں متعلقہ مجسٹریٹس اور پولیس افسران کی موجودگی میں مکمل شفافیت اور قانونی طریقہ کار کے تحت انجام دی گئیں۔

پولیس نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرکے ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں تعاون کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img