اننت ناگ،:اننت ناگ پولیس نے مخصوص معلومات اور معمول کی کارروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ممنوعہ مواد برآمد کیا اور متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس اسٹیشن سری گفوارہ کی جانب سے شلغم کراسنگ پر گشت کے دوران ایک آلٹو گاڑی (JK01W-7328) کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران تقریباً 110 کلوگرام گانجہ برآمد ہوا۔ موقع پر ایک شخص نذیر احمد کھٹانہ ولد فقیر کھٹانہ، ساکن گجر بستی شلغم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 39/2026 درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ایک اور کارروائی میں پولیس پوسٹ دائلگام کی ٹیم نے مصدقہ اطلاع پر مجسٹریٹ کورٹ سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد محمد رفیق ایتو، ساکن وترگام دائلگام کے گھر کی تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی تقریباً 51 کلوگرام چرس نما مواد برآمد ہوا۔ اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر 119/2026 زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مزید برآں، پولیس اسٹیشن سری گفوارہ نے سکھراس کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ریئس احمد شاہ ولد گل محمد شاہ، ساکن وولرہامہ کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 5 کلوگرام چرس پاؤڈر برآمد ہوا۔ اس پر ایف آئی آر نمبر 40/2026 زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کر لیا گیا ہے۔
ایک علیحدہ کارروائی میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ نے دودھ ناڈ واگامہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 170 گرام چرس نما مواد اور18,700 نقدی برآمد کی گئی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 111/2026 زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اننت ناگ پولیس نے ایک بار پھر منشیات کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی اطلاع میں پولیس سے تعاون کریں۔





