سرینگر،:سرینگر کے حیدرپورہ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں جمعہ کے روز لفٹ گرنے کے واقعے میں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے چھ سیاح زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ ہوٹل ایریسن لگژری، حیدرپورہ میں پیش آیا جہاں یہ سیاح قیام پذیر تھے۔ زخمیوں کو ٹانگوں اور جسم کے نچلے حصے میں مختلف نوعیت کی چوٹیں آئیں، تاہم موصولہ اطلاعات کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔
زخمیوں کی شناخت ہوچکی ہے۔ تمام افراد بنگلورو کے رہائشی ہیں اور واقعے کے وقت عارضی طور پر ہوٹل میں مقیم تھے۔
لفٹ گرنے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکیں، جبکہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس واقعے نے خاص طور پر سیاحوں کی میزبانی کرنے والے ہوٹلوں میں حفاظتی معیارات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے اور ممکنہ غفلت کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات متوقع ہیں۔ (کے این ٹی)





