مانیٹرنگ ڈیسک
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی جہاز گرانے کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج امریکا کے لیے سیاہ دن ہے، نئے جدید ترین فضائی دفاعی نظام سے 2 طیارے، 5 ڈرون اور 2 کروز میزائل تباہ کیے۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اطلاعات ہیں کہ ایک کریو جہاز سے بحفاظت نکل نہیں سکا، ایرانی فضائی دفاع کے ہیروز کے سبب ایرانی حدود دشمن کے لیے خطرناک بن چکی ہے۔
علاوہ ازیں ایرانی نیوز ایجنسی نے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گرانے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔واضح رہے کہ ایران نے ایک ہی روز میں امریکا کے 3 طیارے مار گرائے ہیں جبکہ ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کی بھی متضاد اطلاعات ہیں۔
امریکا نے ایران میں جنگی طیارہ گرنے کی تصدیق کردی، پائلٹ کی تلاش جاری

امریکا نے ایران میں جنگی طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹ کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے کی تلاش کے مشن میں شامل ایک امریکی ہیلی کاپٹر بھی میزائل کا نشانہ بن گیا۔
ایک امریکی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں ایک امریکی جنگی طیارہ مار گرایا گیا ہے، جبکہ عملے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی اہلکار نے بتایا کہ طیارہ تباہ ہونے کے بعد ممکنہ بچ جانے والے عملے کی تلاش کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم عملے کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی، پینٹاگون اور امریکی سینٹرل کمانڈ نے خبر پر تبصرے کا جواب نہیں دیا۔
ادھر اسرائیلی فوجی ریڈیو نے بھی ذرائع کے حوالے سے اس واقعے کی تصدیق کی ہے کہ طیارہ ایران میں گرایا گیا، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ طیارہ ممکنہ طور پر ایف 35 تھا، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق تا حال نہیں ہوئی۔
ایران میں تباہ امریکی طیارے کے عملے کی تلاش جاری
جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران کے اندر تباہ ہونے والے پہلے امریکی جنگی طیارے کے عملے کے ایک رکن کی تلاش کے لیے ہفتے کی صبح ایرانی اور امریکی افواج کے درمیان دوڑ لگ گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تہران نے کہا ہے کہ اس نے ایف 15 جنگی طیارے کو مار گرایا ہے جب کہ امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی سپیشل فورسز نے اس کے عملے کے دو ارکان میں سے ایک کو بچا لیا جبکہ دوسرا ابھی لاپتہ ہے۔
ایران کی فوج نے یہ بھی کہا کہ اس نے خلیج میں امریکہ کے اے 10 گراؤنڈ اٹیک طیارے کو مار گرایا۔ امریکی میڈیا کے مطابق پائلٹ کو بچا لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک مختصر ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر سے پوچھا گیا کہ ’کیا آج کے واقعات مذاکرات پر اثر ڈالیں گے؟‘ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’نہیں، بالکل نہیں۔ یہ جنگ ہے۔ ہم جنگ میں ہیں۔‘
روسی و ترک صدر میں مشرق وسطیٰ صورتحال پر گفتگو

کریملن کے مطابق دونوں صدور نے اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملے کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں بننے والی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔
ترک صدارتی محل کے مطابق صدر طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ ایران کے خلاف حملوں کو قبول نہیں کرتا اور نا ہی علاقائی ممالک کے خلاف ایران کی جوابی کارروائی کی حمایت کرتا ہے۔
صدارتی محل کے مطابق ترکیہ ایران جنگ پر قابو پانے کےلئے اور خطے میں امن کے قیام کےلیے تمام فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
آبنائے ہرمز میں خلل کے بنیادی ذمے دار اسرائیل و امریکا ہیں، چین

چین نے آبنائے ہرمز میں خلل کا بنیادی ذمے دار اسرائیل اور امریکا کو قرار دے دیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں خلل کی بنیادی وجہ اسرائیل اور امریکا کے ایران پر غیر قانونی حملے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ فوجی حملوں کے خاتمے اور خلیج میں امن اور استحکام بحالی سے ہی عالمی شپنگ لین کھل سکتی اور محفوظ ہو سکتی ہے۔
چینی ترجمان نے یہ بھی کہا علاقائی انتشار سے عالمی معیشت اور توانائی کو مزید متاثر ہونے سے روکنے کےلیےعالمی برادری کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔





