جمعرات, فروری ۲۶, ۲۰۲۶
16.7 C
Srinagar

‘مستقبل کا انتظار کرنے کے بجائے خود اس کا تعین کریں’: عمر عبداللہ کا کشمیر یونیورسٹی کے 21 ویں کنووکیشن سے خطاب

سری نگر، : وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے طلبا کو جموں و کشمیر کے معمار قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ مستقبل کا انتظار کرنے کے بجائے خود اپنے مستقبل کا تعین کریں۔
انہوں نے طلبا سے تاکید کی کہ وہ اپنے والدین کی قربانیوں کا بھی احترام کریں۔ وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو کشمیر یونیورسٹی کے 21 ویں کنووکیشن سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے نسیم باغ کے تاریخی کیمپس کو "حکمت کی پناہ گاہ” قرار دیتے ہوئے طلبا کی طرف مخاطب ہو کر کہا: ‘آپ ان لوگوں کے جانشین بن رہے ہو جنہوں نے آزمائش کے وقتوں میں علم کے شعلے کو زندہ رکھا، آپ ان کےمشعل بردار ہیں’۔
عمر عبداللہ نے طلباء کو "روشنی” کے طور پر بیان کیا اور کہا کہ ان کی رسمی تعلیم ختم ہو رہی ہے، لیکن معاشرے کے لیے ان کی بڑی ذمہ داری شروع ہو رہی ہے۔
انہوں نے گریجویٹس سے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے بدلتے ہوئے سماجی و اقتصادی منظر نامے میں اپنے کردار پر غور کریں۔
وزیر اعلیٰ نے ایک جذباتی اپیل میں طلبا کے والدین اور اہل خانہ کو ان کی قربانیوں کے لیے خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے حضرت محمد (ص) کے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے طلباء کو یاد دلایا کہ ‘آپ کی جنت آپ کی والدہ کے قدموں تلے ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘طلبا کو دی جانے والی ہر ڈگری ان کے والدین کی بھی ہے جو سخت آزمائشوں میں اپنے بچوں کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں’۔
وزیر اعلیٰ نے نصابی کتب سے ہٹ کر طلباء کی رہنمائی کرنے پر یونیورسٹی فیکلٹی کی تعریف کی اور کہا: ‘انہوں نے معلومات کے حد سے زیادہ دبائو کے دور میں فہم و فراست کو جنم دیا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘حکومت اور جموں و کشمیر کے عوام مستقبل کے لیڈروں کی تشکیل کے لیے ان کے شکر گزار ہیں’۔
حال ہی میں پیش کیے گئے 2026-27 بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، عمر نے اسے ایک "مالیاتی کمپاس” قرار دیا جس کا مقصد جموں و کشمیر کو معاشی متحرک اور شراکتی حکومت کی طرف لے جانا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘یہ محض اعداد و شمار کا لیجر نہیں ہے، بلکہ ایک ترقی پسند اور جدید خطے کی تعمیر کے ارادے کا اعلان ہے’۔
خواتین کی شرکت پر روشنی ڈالتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اس سال دیے گئے تقریباً 60,000 ڈگریوں اور تمغوں میں سے 60 فیصد سے زیادہ خواتین کے حصے میں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید اقدام جیسی اسکیموں نے تقریباً سات لاکھ خواتین کو مالی خود مختاری کو فروغ دینے کے لیے سیلف ہیلپ گروپس میں منظم کیا ہے۔
شعبہ سیاحت کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی خدشات کے درمیان پائیداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، گریز، کیرن اور ٹنگڈار جیسے علاقوں میں سرحدی سیاحت کو فروغ دے رہی ہے تاکہ گلمرگ اور پہلگام جیسے روایتی مقامات کے علاوہ بھی سیاحوں کی آمد کو بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے ہائی ڈنسٹی شجرکاری، ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور بہتر مارکیٹ تک رسائی کے ذریعے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا اور گرین ڈیٹا سینٹرز سمیت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں ترقی پر زور دیا۔
عمر عبداللہ نے میرٹ پر مبنی طرز حکمرانی کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مواقع کا تعین خاندانی پس منظر کے بجائے صلاحیت اور قابلیت کی بنیاد پر ہونا چاہئے۔
انہوں نے نوجوانوں میں ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبا پر زور دیا کہ وہ ایک مضبوط اور ہمہ گیر معاشرے کی تعمیر میں اپنا رول ادا کریں۔۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب کو ختم کرتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ کشمیریت کی روح کو وہاں ساتھ لے جائیں جہاں زندگی انہیں لے جائے۔
انہوں نے کہا: ‘دنیا میں کہیں بھی چلے جاؤ، لیکن ان چناروں کی خوشبو کو اپنے دل میں لے جاؤ، آج تم وہ نور ہو جو جموں و کشمیر کو آگے لے کر جائے گا’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img