جموں:نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر قمر علی آخون جمعہ کو انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے جمعہ کو قانون ساز اسمبلی کو دی۔
مسٹر صادق نے ہاؤس میں اپنی نشست سے کھڑے ہوکر کہا: ‘سابق وزیر قمر علی آخون کا انتقال ہوا ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہاؤس اس پر بات کرے’۔
قمر علی آخون کا تعلق ضلع کرگل کے سنگرا گائوں سے تھا۔ وہ ایک ممتاز سیاسی لیڈر تھے جنہوں نے عوامی زندگی میں اپنے دور میں کرگل اور لداخ کے علاقے کی نمایاں نمائندگی کی۔ انہیں پہاڑی ضلع کی ایک اہم آواز سمجھا جاتا تھا۔
جموں وکشمیر اسمبلی نے سابق وزیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
اسمبلی سپیکر عبدالرحیم راتھر نے مرحوم لیڈر کی سیاسی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک مخلص عوامی لیڈر قرار دیا۔
انہوں نے کہا: ‘مرحوم لیڈر ایک قابل منتظم تھے اور ایک مخلص عوامی لیڈر تھے جنہوں نے لوگوں کی فلاح و بہبودی کے لئے انتھک محنت کی’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ان کا انتقال عوام اور اس ایوان کے لئے بہت بڑا نقصان ہے’۔




