اتوار, جون ۱, ۲۰۲۵
16 C
Srinagar

پنجاب کے شہر مکتسر میں پٹاخے کی فیکٹری میں دھماکہ، 5 افراد کی موت، 29 زخمی

مکتسر : پنجاب کے مکتسر ضلع کے سنگھے والا گاؤں میں جمعہ کی صبح تقریباً ایک بجے پٹاخہ بنانے والی ایک یونٹ میں دھماکے میں پانچ مہاجر مزدور ہلاک اور 29 دیگر زخمی ہو گئے ہریانہ کی سرحد کے قریب واقع اس فیکٹری میں پٹاخوں کی تیاری اور پیکنگ میں مصروف کئی مہاجر مزدور کام کرتے تھے۔ صبح ایک بجے کے قریب ہوئے اس دھماکے سے پوری فیکٹری ڈیہہ گئی مکتسر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اکھل چودھری نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ دھماکہ پٹاخہ تیار کرنے والے علاقے میں ہوا۔ وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے سے عمارت گر گئی جس سے جانی نقصان ہوا۔ بادی النظر میں ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ہلاکتیں آگ کی بجائے فیکٹری ڈہنے کی وجہ سے ہوئیں۔
لمبی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) جسپال سنگھ نے بتایا کہ ملبے سے پانچ لاشیں نکالی گئی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، بھٹنڈہ اور مکتسر کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ کارکن ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش میں مصروف تھے۔ فیکٹری میں 40 کے قریب ملازم تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر مہاجر مزدور ہیں۔
پولیس اور فائر بریگیڈ کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کچھ ملازمین کے اب بھی ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دھماکے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
کیلیانوالی پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او کرم جیت کور نے بتایا کہ پانچ لوگوں کی موت کی اطلاع ہے جبکہ 29 زخمی ہیں۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img