جمہوری نظام کے قیام کیساتھ ہی لوگوں کی راحت کی سانس لی: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
سرینگر//انتخابی منشور پر عملدرآمد کرکے عوام توقعات پر پورا اُترنا نیشنل کانفرنس حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بجلی فیس میں نظرثانی سے لیکر راشن کوٹا میں اضافہ اور روزگار کی فراہمی سے ڈیلی ویجروں کی مستقل ہر ایک وعدے کو پورا کرکے عوام کو راحت پہنچائی جائے گی۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی عہدیداروں ،کارکنوں اور عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر(ایم ایل اے خانیار)، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت میر، وسطی زون صدر علی محمد ڈار(ایم ایل اے چاڈورہ)، جسٹس (ر) حسنین مسعودی(ایم ایل اے پانپور)، صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر (ایم ایل اے حضرتبل) اور اقلیتی سیل کنوینیر جگدیش سنگھ آزاد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں ہمیں عوام خدمت کا ایک اور موقعہ ملا ہے اور ہمیں اس کا بھر پور فائدہ اُٹھاکر عوام کی راحت کاری کے کام کرنے ہیں۔ گذشتہ10سال خصوصاً2019کے بعد جموں وکشمیر کے عوام نے کٹھن حالات کا سامنا کیا ، دھونس و دباﺅ اور ظلم و ستم سہا ۔عوامی حکومت کے قیام سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے، لوگ زمینی سطح پر تبدیلیاں محسوس کررہے ہیں اور ہمیں ہر حال میں لوگوں کی راحت کیلئے کام کرنا ہے۔ اُمید ہے لوگوں کی نہ صرف بجلی کی سپلائی میں بہتری دیکھنے کو ملے گی بلکہ حکومت فیس میں کمی کا بھی فیصلہ جلد ہی کریگی۔ ایسے ہی بے روزگاری سے نمٹنے کیلئے سریع الرفتار بھرتی عمل شروع کیا جائے اور سالہاسال سے مختلف محکموںمیں معمولی اجرتوں پر کام کررہے ڈیلی ویجروں کی مستقلی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کامیاب حکمرانی کیلئے عوامی تعاون انتہائی لازمی ہے اور مجھے اُمید ہے کہ عوام نومنتخب حکومت کو بھر پور اشتراک دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سب کو ساتھ لیکر حکمرانی کریگی اور ہم اپنے مخالفین کیساتھ بھی مساوات پر مبنی سلوک روا رکھیں گے، جس کا درس ہمیں شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے دیا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر گاندربل کے معروف قانوندان الحاج ایڈوکیٹ شبیر مسعودی (فرزند مرحوم قبلہ مولانا محمد سعید مسعودی اولین جنرل سکریٹری) بھی ملاقی ہوئے۔