جمعہ, دسمبر ۶, ۲۰۲۴
1.6 C
Srinagar

پلوامہ :کشمیری پنڈت کی آخری رسومات میں مسلمان پیش پیش رہے

سری نگر22 اکتوبر:جنوبی ضلع پلوامہ کے لاجورہ گاوں میں مقامی مسلمانوں نے مذہبی ہم آہنگی، اتحاد، انسانیت نوازی اور کشمیریت کی عمدہ مثال قائم کی ہے، جہاں وہ ایک کشمیری پنڈت بھوشن لال گنجو کی آخری رسومات انجام دینے میں پیش پیش رہے۔
آخری رسومات میں بیسیوں مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی اور پر نم آنکھوں سے آنجہانی پنڈت کو رخصت کیا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے لاجورہ گاوں میں منگل کے روز کشمیری پنڈت بھوشن لال گنجو کا انتقال ہوا تو اس گاوں کے بیسیوں مسلمان ان کی آخری رسومات انجام دینے میں پیش پیش رہے۔
مقامی لوگوں نے بتایاکہ جوں ہی کشمیری پنڈت کے انتقال کر جانے کی خبر گاوں میں پھیل گئی تو درجنوں کی تعداد میں مرد وزن، بچے اور بوڑھے ان کے گھر پر پہنچ گئے۔
مقامی مسلمانوں نے نہ صرف اپنے پنڈت بھائیوں کے شانہ بشانہ آنجہانی کی آخری رسومات سر انجام دیں بلکہ ان کی ارتھی کو اپنے کندھوں پر اٹھانے کے علاوہ چتا کو آگ لگانے کے لئے درکار لکڑی اور دوسری چیزیں مہیا کیں۔
آنجہانی کے ایک رشتہ دار نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ کشمیری پنڈت اور مسلمانوں نے مل کر بھوشن لال کی آخری رسومات انجام دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر ان کی آخری رسومات ادا کردی ہیں، یہاں کی مقامی مسلم برادری نے آخری رسومات کے لئے درکار ہر چیز فراہم کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img