جموں: جموں وکشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے گندوہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا۔اے ڈی جی پی کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت اور اس کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں ایس او جی اہلکار بھی زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کی صبح ڈوڈہ کے گندوہ جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ، سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈوڈہ کے گندوہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مار اگیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے اورا س سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج آنند جین نے بتایا کہ ڈوڈہ کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینئر پولیس آفیسران اس آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گیارہ جون کو چھتر گالہ ڈوڈہ میں ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز کی پکٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چھ اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 12جون کو اسی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں نے فائرنگ کی جس وجہ سے ایک پولیس اہلکار شدید طورپر زخمی ہواتھا۔گزشتہ دو ہفتوں سے ڈوڈہ کے جنگلی علاقوں میں مفرور ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری تھی اور آج سے سیکورٹی فورسز کو اس وقت کامیابی ملی ہے جب گندوہ کے نزدیک سیکورٹی فورسز نے دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا ۔
یو این آئی