بارہمولہ میں دو منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس

بارہمولہ میں دو منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس

سری نگر: منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے گلی بل چندوسہ علاقے میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن چندوسہ کی ایک پارٹی نے گلی بل چندوسہ علاقے میں ایک ناکے کے دوران دو افراد کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 36 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن چندوسہ میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت عبدالقیوم لون ولد عبدالرحمان لون ساکن شر پورہ اور مدثر احمد ڈار ولد عبد الرشید ڈار ساکن ہیون شیری کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن چندوسہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 58 مقدمے درج کرکے 11 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 91 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے زائد از ایک کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.