نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کی صبح 10 بجے دارالحکومت کے وگیان بھون میں منعقدہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔
تقریب کامن ویلتھ لیگل ایجوکیشن ایسوسی ایشن (سی ایل ای اے) کے زیر اہتمام منعقد کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک ریلیز کے مطابق مسٹر مودی اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
اس کانفرنس کا تھیم ’’انصاف کی فراہمی میں سرحد پار چیلنجز‘‘ ہے۔ کانفرنس میں قانون اور انصاف سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا جیسے کہ عدالتی تبدیلی اور قانونی عمل کی اخلاقی جہتیں، ایگزیکٹو احتساب اور جدید قانونی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنا، وغیرہ۔
کانفرنس میں مختلف بین الاقوامی وفود کے ساتھ ساتھ ایشیا پیسیفک، افریقہ اور کیریبین میں پھیلے ہوئے دولت مشترکہ کے ممالک کی حکومتوں کے اعلیٰ وکلاء شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس دولت مشترکہ ممالک کے قانونی برادری کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بات چیت کے لیے ایک خصوصی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔
یہ کانفرنس قانونی تعلیم اور بین الاقوامی انصاف کی فراہمی میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کے مقصد کے ساتھ ایک خصوصی گول میز کا بھی اہتمام کرے گی۔





