راج لمبانی کی مہلک گیندبازی کی بدولت ہندستان نے نیپال کو 10 وکٹ سے شکست دی

راج لمبانی کی مہلک گیندبازی کی بدولت ہندستان نے نیپال کو 10 وکٹ سے شکست دی

دبئی: راج لمبانی کی مہلک گیند بازی اور ارشین کلکرنی کی 43 رن کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے انڈر 19 ایشیا کپ گروپ اے کے میچ میں منگل کو نیپال کو 10 وکٹ سے شکست دے دی۔
ہندستان کی اوپننگ جوڑی ارشین کلکرنی اور آدرش سنگھ نے 7.1 اووروں میں 57 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
ارشین نے 30 گیندوں پر 43 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ایک چوکا اور پانچ چھکے لگائے۔ وہیں آدرش نے 13 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 13 رن بنائے۔
اس سے پہلے آج یہاں آئی سی سی اسٹیڈیم میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئے نیپال کے اوپننگ بلے باز دیپک بوہرا پہلے ہی اوور میں ایک رن بنا کر لمبانی کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد ساتویں اوور میں اتم ماگر صفر پر لمبانی کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد نیپال کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور اس کا کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔ نیپال کی جانب سے ہیمنت دھامی نے سب سے زیادہ آٹھ رن بنائے۔ اس کے علاوہ ارجن کمل اور ڈی بوہرا نے سات سات رن بنائے۔ تین کھلاڑی صرف چار رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہندستان کی شاندار گیند بازی کے سامنے نیپال کی پوری ٹیم 22.1 اوور میں 52 رن پر سمٹ گئی۔ 52 رن کے اسکور میں 13 اضافی رن بھی شامل ہیں۔
ہندوستان کے لیے راج لمبانی نے سب سے زیادہ سات بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ آرادھیا شکلا نے دو اور ارشین کلکرنی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.