کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار،13 مارچ کو کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان

کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار،13 مارچ کو کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان

سری نگر/وادی کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار ہے اور شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 13 مارچ کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 14 سے17 مارچ تک موسم خشک مگر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں سے 18 سے21 مارچ تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران رک رک بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے۔ادھر وادی میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.2گری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

دریں اثنا وادی میں ہفتے کو بھی صبح سے ہی دھوپ کھلی رہی جس سے جہاں لوگوں کو پارکوں وغیرہ میں بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا وہیں دیہی علاقوں میں کسان اپنے اپنے میوہ باغوں اور کھیت کھلیانوں میں مختلف کاموں کے ساتھ مصروف عمل دیکھے گئے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.