ہفتہ, جولائی 18, 2026
23.8 C
Srinagar

کشمیر :دستگیر صاحب (رح )کی سالانہ عرس کی اختتامی تقریبات پر روح پرور مجالس ، سب سے بڑی تقریب خانیار میں منعقد

سری نگر،11نومبر:وادی کشمیر میں جمعے کے روز دستگیر صاحب (رح ) کی سالانہ عرس کی اختتامی تقریبات نہایت ہی عقیدت و احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں۔
اس سلسلے میں سرائے بالا اور خانیار سری نگر میں رات بھر شب خوانی ہوئی جس دوران علمائے کرائم اور ائمہ مساجد نے پیران پیر کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کشمیر میں جمعے کے روز دستگیر صاحب (رح )کے سالانہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔
سب سے بڑی تقریب سرائے بالا اور خانیار سری نگر میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے فرزندان توحید نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔
سرائے بالا اور خانیار میں نماز جمعے کے بعد زائرین موئے پاک غوث العظم (رح ) کے دیدار سے فیضاب ہوئے۔
اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی بزرگ کے آستانہ عالیہ پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں مانگا کرتے ہیں۔
تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مبلغین نے لوگوں کو دستگیر صاحب (رح) کی تعلیمات اورطرز حیات کو اپنانے پرزوردیا۔
انتظامیہ نے خانیار میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام تر انتظامات کئے تھے، جن میں بلا خلل بجلی، پینے کا صاف پانی ، طبی ، ٹرانسپورٹ ، صحت و صفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img