کشمیر میں موسم مسلسل خشک، کسان خوش

کشمیر میں موسم مسلسل خشک، کسان خوش

سری نگر،22 ستمبر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ دھان فصل کی کٹائی کے ساتھ مصروف کسان انتہائی خوش نظر آ رہے ہیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے قریب ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
غلام محمد نامی ایک کسان جو بڈگام کے پار س آباد نامی ایک گاؤں میں دھان کی کٹائی میں مصروف تھا، نے یو این آئی کو بتایا: ’خشک موسم سے ہی ہماری سال بھر کی محنت ثمر آور ثابت ہوسکتی ہے اور ہم اپنی اس فصل کو گھر لے جا سکتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم سال میں کبھی دھوپ تو کبھی بارشوں کی دعا ضرور کرتے ہیں لیکن اس موسم میں ہماری صرف یہی دعا ہوتی ہے کہ موسم خشک و ساز گار رہے تاکہ ہماری تیار فصل کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کئی بار ایسا ہوا کہ فصل تیار تھی بس ہم کاٹنے والے ہی تھے کہ موسم نے کروٹ بدلی زور دار بارشیں ہوئیں یا ژالہ باری ہوئی تو فصل کھیتوں میں ہی گر گئی۔
غلام حسن نامی ایک اور کسان نے کہا کہ خشک موسم سے ہی آج ہماری جان میں جان ہے آسمان پر بادل چھا جاتے ہیں ہمیں گوناگوں خدشات لاحق ہوجاتے ہیں جن سے ہماری نیندیں حرام ہوجاتی ہیں۔
دریں اثنا محکمہ موسمیت کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔وادی میں شبانہ درجہ کہیں معمول سے زیادہ تو کہیں معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت7.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول کے مطابق ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.