کورونا کی قہر سامانیاں : جموں وکشمیر میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون میں توسیع

کورونا کی قہر سامانیاں : جموں وکشمیر میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون میں توسیع

سری نگر، 20 جنوری:کورونا کیسز میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاﺅن میں توسیع کر دی ہے۔سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کے تازہ حکم نامے کے مطابق اب یونین ٹریٹری میں جمعے کے روز دو بجے سے پیر کی صبح چھ بجے تک لاک ڈاﺅن نافذ رہے گا۔یونین ٹریٹری جموں وکشمیر میں’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون میں توسیع کرنے کا فیصلہ چیف سیکریٹری، جو محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف، بحالی و تعمیر نو جموں وکشمیر کی سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے جمعرات کے روز کورونا کی موجودہ صورتحال کی تفصیلی جائزہ میٹنگ کے بعد لیا۔
سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں ویک اینڈس پر تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔حکمنامے میں کہا گیا کہ علاوہ ازیں یونین ٹریٹری کے تمام اضلاع میں شبانہ کرفیو رات کے نو بجے سے صبح کے چھ بجے تک مسلسل جاری رہے گا۔ایس ای سی نے حکمانے میں کہا ہے کہ کیمونٹی لیڈروں، مارکیٹ انجمنوں و دیگر متعلقین کو ساتھ لے کر اس وبا کی لہر کو کم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔
یونین ٹریٹری کے ضلع مجسٹریٹوں کو ٹیسٹنگ کو تیز تر کرنے اور دستیاب وسائل کو بھر پور طریقے سے استعمال کرنے کی کی تاکید کی گئی ہے۔
چیف میڈیکل آفیسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ روزانہ بنیادوں پر دستیاب آر ٹی ، پی سی آر سہولیات کے استعمال کی رپورٹ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کے دفاتر میں پیش کریں۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کے یومیہ کیسز میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔یونین ٹریٹری انتظامیہ اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدام کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.