جمعرات, جون ۲۶, ۲۰۲۵
20.9 C
Srinagar

وزارت داخلہ میں کشمیر پر اعلیٰ سطحی اجلاس

نئی دہلی/ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بدھ کو مرکزی وزارت داخلہ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہو رہی ہے جس میں مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ اور اس سے نمٹنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا کی صدارت میں ہورہی میٹنگ میں مرکزی پولیس فورسز کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ وزارت کے سینئر افسران اس میٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔

تقریباً 12 بجے شروع ہونے والی میٹنگ کا اہم ایجنڈا وادی کی صورت حال کا جامع جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ہائبرڈ ملی ٹنٹوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے اقدامات اور اس کی وجہ سے پرتشدد واقعات میں اضافے پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ امت شاہ کی زیر صدارت حالیہ میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں پر عمل آوری اور اس سے متعلق پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کشمیر میں گزشتہ دو ماہ سےعسکریت پسندی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ غیر مقیم شہریوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد غیر مقیم لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ وہ وادی چھوڑنے پر مجبور ہوں۔ وادی میں حالات کو معمول پر لانے کے مرکزی حکومت کے منصوبوں کے مثبت نتائج سے  ملی ٹنٹ قوتیں حیران ہیں اور حالات کو معمول پر آنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔

یواین آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img