شوپیاں تصادم: دو عدم شناخت جنگجو ہلاک، آپریشن جاری

شوپیاں تصادم: دو عدم شناخت جنگجو ہلاک، آپریشن جاری

شوپیاں تصادم: لتر پلوامہ میں ایک مزدور کی ہلاکت میں ملوث جنگجو سمیت دو جنگجو ہلاک، آپریشن جاری

سری نگر/جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے درگڈ علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان چھڑنے والے مسلح تصادم میں دو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔

مہلوک جنگجوؤں میں سے ایک کی شناخت عادل احمد وانی کے بطور کی گئی ہے جو پلوامہ کے لتر علاقے میں ایک غریب مزدور کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شوپیاں تصادم میں ہلاک ہونے والے دو جنگجوؤں میں سے ایک کی شناخت عادل احمد وانی کے بطور ہوئی ہے جو جولائی 2020 سے سرگرم تھا۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو پلوامہ کے لتر علاقے میں ایک غریب مزدور کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اب تک 15 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شوپیاں کے درگڈ علاقے میں تصادم آرائی کے دوران دو عدم شناخت جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن ابھی جاری ہی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے چیر باغ درگڈ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.