سری نگر میں سولہ برس بعد ماہ اگست میں سرد ترین رات درج

سری نگر میں سولہ برس بعد ماہ اگست میں سرد ترین رات درج

سری نگر،16اگست (یو این آئی) پہاڑی علاقوں میں تازہ ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بعد وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 12.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سال 2005 سے ماہ اگست کا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت ہے


انہوں نے کہا کہ سری نگر کا گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت معمول سے5.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔بتادیں کہ 31 اگست 2005 کو سری نگر کا کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 19 اگست تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے


یو این آئی  

Leave a Reply

Your email address will not be published.