بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
4.3 C
Srinagar

مظلوم مسلم اقوام کے لیے قرآنی لائحہ عمل

مہمان تحریر

ڈاکٹر عرفان شہزاد 

حالتِ کمزوری، محکومی اور مظلومی میں مسلمانوں کے لیے قرآن کی کیا ہدایات ہیں، یہ وہ موضوع ہے جسے عصرِ حاضر میں تقریباً مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ اپنے سے کئی گنا طاقت ور مقابل کو للکارنا، جدید ٹیکنالوجی کی محیّر العقول طاقتوں سے لیس دشمن کو اپنے فرسودہ ہتھیاروں سے تباہ کرنے کے عزم کا اظہارکرتے رہنا اور شکست پر شکست کھا کر بھی دشمن کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے دعاوی کرنا، غیرت اور ایمان کا مترادف اور عین جہاد ٹھیرا دیا گیاہے۔دوسری طرف حقائق یہ ہیں کہ ایک جائزے کے مطابق صرف 2014 میں اسرائیل فلسطین تنازع میں 2314 فلسطینیوں کے مقابلے میں صرف 39 اسرائیلی مارے گئے تھے، کشمیر میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 40،000 اور غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 80،000  سے  زائد کشمیری جاں بحق ہو چکے ہیں، ان کے مقابلے میں بھارتی آرمی کے ہلاک شدگان کی تعداد چند ہزار بھی نہیں۔ افغانستان میں افغان ہلاکتوں اور اس کے مقابلے میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کے تناسب کا فرق اس سے بھی زیادہ ہے، یہی حال دنیا کے دیگر علاقوں میں ہے جہاں مسلمان کسی برتر طاقت سے برسرپیکار ہیں۔قرآنی مطالعہ سے  یہ جان کر حیرت ہوتی ہے  کہ اس قسم کی بے ضابطہ غیرت و حمیت کا کوئی سبق مسلمانوں کو نہیں پڑھایا گیا ہے۔ کمزور اور مظلوم مسلمانوں کے لیے قرآن ایک مکمل لائحہ عمل دیتا ہے، جو نہایت معقول اور حقائق پر مبنی ہے۔ ہم وہ لائحہ عمل ہآپ کے سامنے پیش کرتے ہیں، آپ خود فیصلہ کر سکتے ہیں کہ خود سے کئی گنا زیادہ طاقتور دشمنوں سے مسلمانوں کی یہ موجودہ مسلح جدوجہد قرآن کی تعلیمات کے مطابق ہے یا نہیں۔

عہدِ رسالت کے مکی دور میں مسلمان حالتِ کمزوری میں تھے۔ ان کا جہاد کفار کے ظلم و ستم کے مقابلے میں صبر کے ساتھ اپنے عقائد پر جمے رہنا تھا۔ مسلح جہاد کا حکم تو ایک طرف، اس وقت کے مسلمانوں کو جہاد کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ جہاد کا حکم ریاستِ مدینہ کے قیام کے بعد ہی آیا، ملاحظہ کیجیے سورہ حج کی آیت 39 جس میں مسلمانوں کو پہلی بار ہتھیار اٹھانے کی اجازت دی گئی”اجازت دے دی گئی اُن لوگوں کو جن کے خلاف جنگ کی جا رہی ہے، کیونکہ وہ مظلوم ہیں، اور اللہ یقیناً ان کی مدد پر قادر ہے۔”

 

یہاں دو نکات قابِل غور ہیں ۔ پہلا یہ کہ الفاظ "اجازت دی گئی” سے صاف ظاہر ہے کہ پہلے اجازت نہیں تھی، یعنی صرف یہ نہیں کہ ہتھیار اٹھانے کا کوئی حکم نہیں تھا، بلکہ ہتھیار اٹھانے کی اجازت بھی نہیں تھی۔ اب جب کہ مسلمان مدینہ میں ایک منظم حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے، اس لیے اجازت دی گئی۔ دوسرے یہ کہ صرف ان کو یہ اجازت دی گئی جن کے خلاف باقاعدہ جنگ شروع کردی گئی تھی، یعنی ریاستِ مدینہ کے مسلمان نہ کہ وہ جن پر ظلم کیا جا رہا تھا۔ غور کیجیے کہ جہاد کا حکم نازل ہونے کے بعد بھی مکہ کے مظلوم مسلمانوں پر یہ جہاد فرض نہیں کیا گیا۔ ان کے لیے وہی دو راستے تھے۔ ایک یہ کہ مکہ سے ہجرت کر جائیں، یہ ہجرت ان پر فرض قرار دی گئی تھی، حتی کہ بلا عذر ہجرت نہ کرنے والے مجرم قرار پائے کہ وہ اپنے دین کو اتنی اہمیت نہ دیتے کہ اسے بچانے کے لیے ہجرت کر جاتے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا "جو لوگ اپنے نفس پر ظلم کر رہے تھے اُن کی روحیں جب فرشتوں نے قبض کیں تو ان سے پوچھا کہ یہ تم کس حال میں مبتلا تھے؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہم زمین میں کمزور و مجبور تھے فرشتوں نے کہا، کیا خدا کی زمین وسیع نہ تھی کہ تم اس میں ہجرت کرتے؟ یہ وہ لوگ ہیں جن کا ٹھکانا جہنم ہے اور بڑا ہی برا ٹھکانا ہے ۔”( سورہ النساء آیت 97)

دوسرا یہ کہ اگر ہجرت کرنا ان کے بس میں نہیں تو صبر کے ساتھ کسی بیرونی طاقت کا انتظار کریں جو انہیں اس ظلم سے نجات دلائے: ارشاد ہوتا ہے”آخر کیا وجہ ہے کہ تم اللہ کی راہ میں اُن بے بس مردوں، عورتوں اور بچوں کی خاطر نہ لڑو جو کمزور پاکر دبا لیے گئے ہیں اور فریاد کر رہے ہیں کہ خدایا ہم کو اس بستی سے نکال جس کے باشندے ظالم ہیں اور اپنی طرف سے ہمارا کوئی حامی و مدد گار پیدا کر دے۔”( سورہ النساء، آیت 75)اس وقت یہ بیرونی طاقت ریاستِ مدینہ تھی۔ چنانچہ ریاستِ مدینہ کا یہ فرض قرار دیا گیا کہ اپنے مجبور مسلمان بھائیوں کی مدد کو آئیں۔ یہاں مزید ایک بات قابل لحاظ ہے، اور وہ یہ کہ ریاستِ مدینہ پر ان مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنے کے لیے ایک شرط یہ بھی عائد کی گئی کہ ان کا کفارکے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہو۔ اگر معاہدہ ہے تو وہ اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی، ارشاد فرامایا کہ”رہے وہ لوگ جو ایمان تو لے آئے مگر ہجرت کر کے (دارالاسلام میں) آ نہیں گئے تو ان سے تمہارا ولایت کا کوئی تعلق نہیں ہے جب تک کہ وہ ہجرت کر کے نہ آ جائیں، ہاں! اگر وہ دین کے معاملہ میں تم سے مدد مانگیں تو ان کی مدد کرنا تم پر فرض ہے، لیکن کسی ایسی قوم کے خلاف نہیں جس سے تمہارا معاہدہ ہو جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے دیکھتا ہے۔”(سورہ الانفال، آیت72)

یہ وہ ہدایت ہے جو آج مکمل طور پر نظر انداز کر دی گئی ہے۔ ان مظلوموں کو خود سے ہتھیار اٹھا لینے کا کوئی حکم آخر تک نہیں دیا گیا۔ ہم جانتے ہیں کہ صلح حدیبیہ کے موقع پر زنجیروں سمیت دشمن کی قید سےنکل کر آنے والے حضرت ابو جندل کو معاہدہ امن برقرار رکھنے کی خاطر صبر کی تلقین کے ساتھ واپس کفار کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ کفارِ مکہ کے ظلم سے تنگ آ کر جب مکے کے کچھ مسلمانون نے حضرت ابو بصیر کی قیادت میں ہتھیار اٹھا لیے تھے تو ریاستِ مدینہ نے معاہدہ حدیبیہ کی پاسداری کی خاطر اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کی مسلح مدد تو کجا اخلاقی حمایت بھی نہیں کی۔

تاہم اپنے کسی حق کے لیے آواز بلند کرنے سے اسلام منع نہیں کرتا۔ موسیؑ  بنی اسرائیل کی رہائی کے لیے فرعون سے مذاکرات کرتے رہے جو قرآن میں تفصیل سے موجود ہیں، نیز، رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے کہ ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا افضل جہاد ہے۔حقیقت یہ ہے کہ دورِ حاضر میں ریاستی ظلم یا قبضے کے خلاف مسلم عوام کی مسلح جدوجہد کا ماخذ اسلام نہیں، بلکہ یورپی اقوام کے نوآبادیاتی نظام کے دور میں انیسویں صدی کے آخر اور بیسویں صدی کے اوئل میں ابھرنے والا تصور قومیت ہے۔ جس کے زیرِ اثر ان کے مقبوضہ علاقوں میں اٹھنے والی مسلح عوامی تحریکوں کے ہیروازم نے مقبوضہ خطوں کے محکوم مسلمانوں کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے پر ابھارا۔ جہاد کا عنوان اس پر بعد میں قائم ہوا۔

اس سے ہٹ کر اگر کوئی جارح یا جابر قوت، پر امن مظلوموں کی جان کےدرپے ہو جائے تو ان کے لیے ہجرت کے علاوہ اپنی جان بچانے کے لیے اضطراری طور پر ہتھیار اٹھا لینے کا فطری حق اسلام تسلیم کرتا ہے۔ جیسا کہ حدیث نبوی میں ہے کہ جو اپنی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے مارا گیا وہ شہید ہے۔ایک معروضی حقیقت یہ ہے کہ عوامی سطح پر برپا کی جانے والی جنگِ آزادی یا حقوق کی جنگ کم ہی کبھی کامیاب ہوئی ہے اور یہ نادر کامیابی بھی تب ملی ہے جب وہ کسی  ایک قیادت پر متفق ہو گئے ہوں۔ لیکن عموما ہوتا یہ ہے کہ عوامی مسلح جدوجہد جان و مال کے بے حساب نقصانات پر ختم ہوتی ہے۔ غاصب یا جابر قوت اگر رخصت ہوتی بھی ہے تو اپنی اندرونی کمزوریوں کی وجہ سے ہوتی ہے نہ کہ کمزوروں کی جدوجہد کی وجہ سے۔ عوام کی ان رائیگاں قربانیوں کو بعد میں وجہ آزادی بتا دیا جاتا ہے۔ برطانیہ ہو یا روس، دونوں اپنی داخلی کمزوری کی بنا پر اپنے مقبوضہ جات سے رخصت ہوئے تھے، امریکہ کو ویت نام سے میڈیا کی طاقت اور امریکی عوام کی مخالفت نے نکالا تھا۔ فرض کیجئے کہ میڈیا اگر امریکہ کے مظالم کی رپورٹنگ نہ کر پاتا اور امریکی عوام اصل صورتِ حال سے بے خبر رہتےتو کیا محض ویت نامیوں کی کمزور سی مزاحمت امریکہ کو ویت نام سے بے دخل کر سکتی تھی؟ کسی بھی عوامی تحریک آزادی کا نام لیجئے یا تو وہ ناکام ہوئی اور اگر کامیاب ہوئی بھی تو اس تحریک کا مطالعہ صاف بتاتا ہے کہ اس کے حقیقی عوامل غاصب قوت کی داخلی کمزوریاں تھیں نہ کہ عوام کی جدوجہد۔

خلاصہ کلام یہ ہے کہ مظلوم و محکوم مسلمانوں کی داد رسی کا طریقہ بس یہی کہ مسلم ممالک اپنی طاقت اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے، عالمی اداروں کی مدد یا اپنے بل بوتے پر ان مدد کو آئیں۔ یہ اصل حل ہے۔ اس اصل حل کی بجائے کمزور مسلمانوں کو معمولی سے ہتھیار تھما کر اور ہلاشیری دے کر اپنے سے کئی گنا طاقت ور دشمنوں کے مقابلے میں دھکیل دینا اور پھر ان کی مظلومیت کا ڈھنڈورا پیٹ پیٹ کر سیاست کرنا درحقیقت ان کے ساتھ مزید ظلم ہے۔ کمزور مسلمانوں کی کمزور سی مسلح جدوجہد مخالف برتر قوت کو طیش دلانے کے سوا کوئی مفید کام سر انجام نہیں دیتی۔ اگر اس کی بجائے پر امن احتجاج اور مذاکرات کے طریقے پر اکتفا کیا جائے تو ان محکوم مظلوموں کے مصائب میں کافی کمی آ سکتی ہے۔ غاصب قوتیں بھی درحقیقت پر امن ہی رہنا چاہتی ہیں۔ چاہے پر امن طریقے سے معاشی اور سیاسی استحصال کرنا ہی ان کا مقصود کیوں نہ ہو۔ ان کو آمادہ ستم کرنے میں مسلمانوں کے مسلح جتھوں کا بہت کردار ہے۔مسلح جدوجہد کا فرض مسلم ریاستوں کا ہے۔ وہ اگریہ فرض ادا کریں تو نتیجہ آور ہو سکتا ہے، ورنہ انفرادی جتھوں کی کارروائیاں دہائیاں گرزنے کے بعد بھی خون بہانے کے سوا کوئی نتیجہ پیدا نہیں کر سکی ہیں۔

 

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔ 

Popular Categories

spot_imgspot_img