کشمیر: بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری میدانی علاقوں میں بارشیں

کشمیر: بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری میدانی علاقوں میں بارشیں

سری نگر،8 مارچ : وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں پیر کی دوپہر سے موسم میں بہتری واقع ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں پیر کی دوپہر سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے جس کے بعد موسم 10 مارچ تک خشک رہ سکتا ہے تاہم بعد میں بارشوں کا ایک اور مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 9 اور10 مارچ کو موسم خشک مگر ابر آلود ہی رہنے کی توقع ہے۔
دریں اثنا وادی میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے ہی بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں شروع ہوئیں جن کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔
وادی میں بارشوں سے سردیوں کی شدت میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے جس کے باعث لوگوں کو جہاں گرم لباس میں ایک بار پھر ملبوس دیکھا گیا وہیں دکانوں، دفتروں اور دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے آلات کو ایک بار پھر استعمال ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
موسلا دھار بارشوں سے شہر وگام کی سڑکیں زیر آب آئی ہیں اور راہگیروں کا سڑکوں پر چلنا پھرنا دشوار ہوگیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر بنے گہرے گڑھوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جب گاڑیاں چلتی ہیں تو چھینٹیں دور دور تک پیدل چلنے والے مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے کر کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر کیچڑ بھی جمع ہے جس پر پھسلنے کے خطرات لاحق ہیں اور اگر کوئی پھسل کر گر جائے تو اسی ہڑیوں کے ٹوٹنے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
فیاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ طلبا گھروں سے باہر نکلنے سے احتراز کرر ہے ہیں کیونکہ سکول تک پہنچتے پہنچتے ان کی وردیاں اس قدر میلی اور گرد آلود ہوئی ہوتی ہیں کہ انہیں اسکول میں داخل ہونے کی اجازت ہی نہیں دی جاتی ہے۔
جاری۔ یو این آئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.