وسطی کشمیر کے سیاحتی مقام دودھ پتھری میں یک روزہ سرمائی فیسٹول

وسطی کشمیر کے سیاحتی مقام دودھ پتھری میں یک روزہ سرمائی فیسٹول

سری نگر، 6 مارچ :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع سیاحتی مقام دودھ پتھری میں ہفتے کے روز یک روزہ سرمائی فیسٹول کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ناظم سیاحت ڈاکٹر جی این یتو اور ضلع مجسٹریٹ بڈگام شہبار احمد مرزا کے علاوہ کئی افسران موجود تھے۔
فیسٹول کے دوران کھلاڑیوں نے ہارس رائڈنگ اورماؤنٹین بائکنگ کی جلوہ نمائی کے علاوہ رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔
فیسٹول کا مقصد اس گمنام سیاحتی مقام کو فروغ دینا تھا تاکہ مقامی و ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے سیاح اس کے دلکش نظاروں سے بھی محظوظ ہوسکیں۔
اس موقع پر کافی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور متعدد غیر مقامی سیاحوں کو بھی وہاں دیکھا گیا۔
دریں اثنا وہاں موجود محمد مظفر نامی ایک مقامی شخص نے یو این آئی کے ایک نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سیاحتی مقام کو بھی باقی سیاحتی مقامات کی طرح سجانے اور سنوارنے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں بھی سیاحوں کا رش بڑھ جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں بھی سرمائی کھیلوں کے لئے ضروری ساز و سامان اور سہولیات کو دستیاب رکھا جانا چاہئے تاکہ گلمرگ کی طرح یہاں بھی سرمائی کھیلوں کو کھیلا جا سکے۔
موصوف نے کہا کہ اس سیاحتی مقام کے فروغ سے یہاں کے لوگوں، جو کافی غریب ہیں، کو روز گار ملے گا اور ان کی غربت کا خاتمہ ہوگا۔
فیسٹول کی عکس بندی کرنے والے صحافیوں کا کہنا تھا کہ دودھ پتھری میں موبائل فون چل رہے ہیں نہ انٹرنیٹ چل رہا ہے جس کی وجہ سے پیشہ ور لوگوں بالخصوص میڈیا سے وابستہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس سیاحتی مقام پر بھی موبائل فون اور انٹرنیٹ چلنے کا موثر بند وبست کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.