کانگریس کا جموں میں ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاجوں کا سلسلہ جاری

کانگریس کا جموں میں ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاجوں کا سلسلہ جاری

جموں، 4 مارچ :  جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کا جموں میں جائیداد ٹیکس اور ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاجوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

کمیٹی کے کارکنوں نے سینئر لیڈر رمن بھلہ کی سربراہی میں جمعرات کو بھی یہاں جمع ہو کر ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاجیوں نے سکریٹریٹ کو گھیراؤ کرنے کی بھی کوشش کی جس کو وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔
اس موقع پر رمن بھلہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہم غریب عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے جب تک سوئی ہوئی سرکار بیدار نہ ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس لئے احتجاج کے دوران تھالی بجا رہے ہیں تاکہ عوام بیدار ہوجائے اور سوئی ہوئی سرکار کو بھی جگایا جا سکے۔
موصوف نے کہا کہ آج ایندھن کی قیمتوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غریب عوام کے گھروں میں آسانی سے چولھے جلائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے مشکلات میں روز بروز اضافہ ہی درج ہو رہا ہے۔
مسٹر بھلہ نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ غریبوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آج بھی برابر کھڑی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی جے پی ہمارے احتجاجوں بلکہ کسانوں کے احتجاجوں کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیتی ہے جس کا اثر آنے والے انتخابات پر پڑے گا اور ملک اور جموں وکشمیر سے بی جے پی کا صفایا ہوگا۔
جموں وکشمیر کی اسمبلی نشستوں میں حد بندی کرنے کے عمل کے معیاد میں مزید ایک سال کا اضافہ کرنے پر موصوف نے کہا: ’یہ لوگ بہانے تلاش کرتے ہیں کیونکہ یہ عوام کا سامنا نہیں کرسکتے ہیں اور اپنے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے سرکاری مشینری کو استعمال کیا جا رہا ہے‘۔
یو این آئی-

Leave a Reply

Your email address will not be published.