کشمیر: بالائی علاقوں میں تازہ برف باری میدانی علاقوں میں بارشیں

کشمیر: بالائی علاقوں میں تازہ برف باری میدانی علاقوں میں بارشیں

 

سری نگر،27 فروری :  محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خراب رہنے کا ہی امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ وادی کے بالائی علاقوں میں ایک فٹ تک برف باری ہوسکتی ہے۔ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کی صبح مٹی کے تودے گر آںے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ جمعے کے روز مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔وادی میں ہفتے کے روز بھی میدانی علاقوں میں رک رک بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس سے لوگوں نے ایک بار پھر سردی محسوس کی اور اس سے بچنے کے لئے دفاتر، کام کی جگہوں اور گھروں میں گرمی کے آلات جیسے ہیٹر وغیرہ اور کانگڑیوں کا استعمال کرنا شروع کیا۔
وادی کے بالائی علاقوں بشمول مشہور زمانہ سیاحتی مقام جہاں ’کھیلو انڈیا‘ کھیلوں کا دوسرا ایڈیشن چل رہا ہے، پہلگام اور سونہ مرگ میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔میدانی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے سڑکیں زیر آب ہوگئی ہیں جس سے لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل ہوگیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں پانی جمع ہوا ہے اور جب گاڑیاں چلتی ہیں تو اس پانی کی چھینٹیں دور دور تک چلنے والے راہگیروں کو اپنی لپیٹ میں لے کر کہیں جانے کے لئے نہیں چھوڑتی ہیں۔
جاری۔ یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.