جموں و کشمیر میں عنقریب ‘کھیلو انڈیا’ مراکز قائم کئے جائیں گے: کرن رجیجو

جموں و کشمیر میں عنقریب ‘کھیلو انڈیا’ مراکز قائم کئے جائیں گے: کرن رجیجو

گلمرگ، 26 فروری : کھیلوں کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ جموں وکشمیر میں عنقریب بین الاقوامی سطح  کے ‘کھیلو انڈیا’ مراکز قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وادی کے شہرہ آفاق جھیل ڈل میں آنے والے موسم گرما میں آبی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری کھلاڑیوں کی اولمپک کھیلوں میں شرکت یقینی بنائی جائے گی تاکہ وہ بھی اولمپک سطح کے اعزازات حاصل کر سکیں۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں منعقدہ ‘کھیلو انڈیا’ کھیلوں کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب پر کھلاڑیوں سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر اعلیٰ حکومتی عیدیداراں بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے دلی سے ان کھیلوں کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کیا۔موصوف مرکزی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا: ‘سری نگر اور جموں میں بہت جلد "کھیلو انڈیا” کے مراکز قائم کئے جائیں گے جن میں قومی و بین الاقوامی سطح کے ماہرین آکر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھاریں گے’۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلعے میں ایک ‘کھیلو انڈیا’ سینٹر قائم کیا جائے گا جن میں سبکدوش کھلاڑی اور عہدیدارں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھلاریں گے۔مسٹر رجیجو نے کہا کہ کشمیری کھلاڑیوں کی اولمپک کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کشمیر کے کھلاڑی بھی اولمپک کھیلوں میں شرکت کر کے میڈیل حاصل کرسکیں اور ملک کا سر فخر سے بلند کریں’۔موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ جھیل ڈل میں آنے والے موسم گرما میں آبی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘حکومت نے سری نگر کے جھیل ڈل میں آنے والے موسم گرما میں آبی کھیلوں کے انعقاد کو منظوری دی ہے، ہم ان کھیلوں کا گرما میں افتتاح کریں گے۔ کشمیر اور سری نگر میں آبی کھیلوں کے انعقاد کی کافی گنجائش موجود ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ گلمرگ میں کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ جموں وکشمیر کی مختلف سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔کرن رجیجو نے بعد ازاں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ اگلی کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کی تاریخ کا پیشگی اعلان کیا جائے گا تاکہ انتظامات کرنے میں آسانی ہو۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘آج یہاں دوسرے کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کا آغاز ہوا جن میں بھارت بھر سے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ ان گیمز کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا۔ میں بہترین انتظامات کے لئے جموں و کشمیر کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں’۔بتادیں کہ پانچ دنوں تک چلنے والی ان کھیلوں میں ملک کی 27 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قریب 12 سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ سال گذشتہ قریب ایک ہزار کھلاڑیوں نے ان کھیلوں میں حصہ لیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.