گاؤ کدل سانحہ کی برسی پر سری نگر کے سیول لائنز علاقوں میں ہڑتال

گاؤ کدل سانحہ کی برسی پر سری نگر کے سیول لائنز علاقوں میں ہڑتال

سری نگر/ جموں وکشمیر کی گرمائی دارلحکومت سری نگر کے سیول لائنز علاقوں میں جمعرات کے روز سانحہ گاؤکدل کی 31 ویں برسی کے موقع پر ہڑتال رہی۔

بتادیں کہ سری نگر کے گاؤ کدل علاقے میں 21 جنوری 1990 کو سیکورٹی فورسز نے مبینہ طور لوگوں کے ایک جلوس پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یہ واقعہ مرکزی حکومت کی طرف سے جگموہن کو وادی کشمیر میں حالات کو قابو میں کرنے کے لئے جموں وکشمیر کا گورنر مقرر کرنے کے دو دن بعد رونما ہوا تھا۔ تب سے اس دن ہر سال سیول لائنز علاقوں میں مہلوکین کی یاد میں ہڑتال رہتی ہے۔

سری نگر کے سیول لائنز علاقوں بشمول تجارتی مرکز لالچو,کورٹ روڈ، مائسمہ، کوکر بازار، بڈشاہ چوک، ریذیڈنسی روڈ، مولانا آزاد روڈ، میرا کدل، گاؤ کدل، ریڈ کراس روڈ اور ایکسچینج روڈ پر تمام دکان اور تجارتی مراکز بند رہے تاہم سڑکوں پر پبلک و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری رہی۔
سری نگر کے مہاراجہ بازار اور گونی کھن علاقوں کے علاوہ مہاراجہ ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں بھی جزوی ہڑتال رہی۔

تاہم شہر سری نگر کے باقی علاقوں میں معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری رہے۔دریں اثنا حکام نے سری نگر کے سیول لائنز علاقوں میں ہڑتال اور یوم جمہوریہ کے پیش نظر سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے اور حساس مقامات پر سیکورٹی فورسز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔


یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.