کشمیر: ٹھٹھرتی سردیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، جملہ آبی ذخائر منجمد

کشمیر: ٹھٹھرتی سردیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، جملہ آبی ذخائر منجمد

سری نگر،/وادی کشمیر میں شدید سردیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے باعث اہلیان وادی گوناگوں کے مشکلات سے دوچار ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف باری کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ محکمے کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 22 سے 25 جنوری تک ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے تاہم 21 جنوری تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

وادی کشمیر میں منگل کے روز بھی اگرچہ موسم خشک بھی رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی لیکن شبانہ سردیوں کا زور برا بر جاری رہنے سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔

شدید سردیوں کے باعث وادی کے شہر و گام کے آبی ذخائر بشمول جھیل ڈل منجمد ہیں اور مساجد و خانقاہوں یہاں تک کہ گھروں میں نصب نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس سے لوگ پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں۔

خواتین کو پینے اور کھانا پکانے کے لئے پانی کی تلاش میں ٹھٹھرتی سردی میں دور کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔وادی میں جاری شدید سردیوں سے معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں جہاں کاروباری سرگرمیاں صبح کے وقت دیر سے شروع ہو رہی ہیں وہیں سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی ذرا دیر سے ہی نمو دار ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جاری۔ یو این آائی۔ ایم افضل۔ شا پ۔ 

Leave a Reply

Your email address will not be published.