گپکار الائنس کے لیڈران کے گھروں کے سامنے دھرنا دیں گے: الطاف بخاری

گپکار الائنس کے لیڈران کے گھروں کے سامنے دھرنا دیں گے: الطاف بخاری

جموں//جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ اگر عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی واپسی کا وعدہ پورہ نہیں کرتا ہے تو ہم ان کے گھروں کے سامنے دھرنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ اب بکھرنے لگا ہے اور اس میں شامل سیاسی لیڈران ایک دوسرے سے چھٹکارا پانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔
الطاف بخاری نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا: ‘جن وعدوں پر گپکار الائنس نے ووٹ حاصل کئے ہیں وہ وعدے پورے کئے جائیں۔ اگر وہ اپنے وعدے پورا نہیں کریں گے تو ہم ان کے گھروں کے سامنے دھرنا دیں گے۔ ہم ان سے پوچھیں گے کہ آپ نے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیوں کیا’۔
انہوں نے کہا: ‘انہیں خود معلوم ہے کہ وہ اپنے وعدے پورا نہیں کر سکیں گے۔ جو چیز سپریم کورٹ کر سکتی ہے وہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی اپنے انتخابی منشوروں کے ذریعے نہیں کر سکتی ہے’۔
الطاف بخاری نے بظاہر پیپلز کانفرنس لیڈر عمران رضا انصاری کے مکتوب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار الائنس بکھرنے لگا ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘گپکار الائنس اب بکھرنے لگا ہے۔ وہ ایک دوسرے سے چھٹکارا پانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ الائنس لوگوں کے پاس جانے کے لئے بنایا تھا۔ یہ لوگ اب لوگوں کے سامنے ننگے ہو رہے ہیں’۔
الطاف بخاری نے حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں ‘اپنی پارٹی’ کی کارکردگی سے متعلق پوچھے جانے پر کہا کہ نو مہینے کا بچہ ساڑھے پانچ فیصد ووٹ لے لے یہ بہت بڑی بات ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘وہ سیاسی جماعتیں جو بیس بائیس برسوں سے میدان میں ہیں ہم نے ان سے زیادہ ووٹ حاصل کئے ہیں۔ جس سیاسی جماعت سے دو دو وزیر اعلیٰ بنے اس سے زیادہ ووٹ حاصل کئے ہیں’۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو خاموش کرنے کی کوئی کوششیں نہیں کی جا رہی ہیں۔
ان کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا: ‘مجھے نہیں لگتا ہے کہ محبوبہ مفتی جی کو کوئی چپ کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ تو روز بولتی ہیں۔ اگر چپ کرانے کی کوشش کی ہوتی تو وہ شاید نہیں بولتیں’۔
ڈی ڈی سی انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کو بی جے پی اور اپنی پارٹی میں شامل کرانے کے الزامات کے بارے میں پوچھے جانے پر الطاف بخاری نے کہا: ‘یہ سب بالکل غلط ہے۔ ہم نے کہیں بھی ایسی کوشش نہیں کی’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے شوپیاں میں دو ڈی ڈی سی ممبران کو اپنے ساتھ جوڑا۔ انہوں نے اپنی مرضی سے ہماری جماعت میں شامل اختیار کی۔ ان پر لوگوں کا دبائو تھا کہ جن وعدوں پر آپ نے ہم سے ووٹ مانگے ہیں ان کو پورا کرو۔ شروعات نیشنل کانفرنس نے کی۔ انہوں نے ہمارے ایک آزاد امیدوار کو اپنی جماعت میں شامل کرایا۔ یہ تو چلتا رہے گا۔ کچھ لوگ وہاں جائیں گے تو کچھ لوگ یہاں آئیں گے’۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.