کشمیر میں ہر جگہ کنول کے پھول کا پہنچنا ہی ہماری کامیابی ہے: وبودھ گپتا

کشمیر میں ہر جگہ کنول کے پھول کا پہنچنا ہی ہماری کامیابی ہے: وبودھ گپتا

سری نگر،/ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری اور کشمیر امور کے انچارج وبودھ گپتا نے کہا ہے کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں کی بڑھ چڑھ کر شرکت کرنا بی جے پی کے کشمیر مشن کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنول کا پھول کشمیر میں جگہ جگہ پہنچ گیا ہے اور ہر پولنگ بوتھ پر ہمارا ایجنٹ بیٹھا ہوا ہے یہی ہماری جیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے گھر واقع بجبہاڑہ میں بھی انتخابی ریلی نکالی جس میں مودی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور ترنگے بھی اٹھائے گئے۔
موصوف جنرل سکریٹری نے یہ باتیں یہاں ایک ٹی وی چینل کے ساتھ اپنے گفتگو کے دوران کہیں۔
انہوں نے کہا: ’تیس برسوں میں پہلی بار کشمیر میں لوگ منفی درجہ حرارت کے باوجود ووٹ ڈالنے کے لئے نکل رہے ہیں۔ یہ کشمیریوں کا پورے دنیا کے ساتھ ساتھ علاحیدگی پسندوں، پاکستان اور جنگجوؤں کے نام ایک پیغام ہے کہ اب وہ علاحیدگی پسندوں اور جنگجوؤں کو برداشت نہیں کریں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا مودی کے کشمیر وژن اور بی جے پی کے کشمیر مشن کا نتیجہ ہے اور یہ ہمارے سینکڑوں کارکنوں کی محنت کا بھی ثمر ہے۔
مسٹر گپتا نے کہا کہ کشمیر میں ہر جگہ کنول کا پھول پہنچا ہے اور ہر پولنگ بوتھ پر ہمارا ایجنٹ بیٹھا ہوا ہے یہی ہماری کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہم نے جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ میں جہاں محبوبہ مفتی کا گھر ہے، میں بڑی ریلی نکالی اور اس ریلی میں مودی زندہ باد کے نعرے بھی لگ گئے اور ترنگے بھی اٹھائے گئے جبکہ ریلی کے مقام سے سو میٹر دور ایک گرینیڈ حملہ بھی کرایا گیا جو ان لوگوں نے کرایا جو انتخابات میں لوگوں کی بھاری شرکت سے بوکھلاہٹ میں ہیں‘۔
ڈی ڈی سی انتخابات میں بی جے پی کی پوزیشن کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف انچارج کا کہنا تھا: ’ہم کشمیر میں بھی کامیاب ہوچکے ہیں، ہمارے مقابلے میں گپکار الائنس بن گیا جو ہماری جیت ہے کیونکہ ان لوگوں کو ہماری طاقت کا اندازہ ہوگیا ہے اسی لئے الیکشن لڑنے کے لئے اکٹھے ہوگئے‘۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں جو ووٹ پڑے وہ پاکستان، علاحدگی پسندوں اور جنگجوؤں کے خلاف پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابی حلقوں کی حد بندی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یہاں اسمبلی انتخابات بھی بہت جلد ہوں گے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.